24-May-2022 غزل
غزل
یہ زمیں ہماری ہے یہ گگن ہمارا ہے
ہر طرح کے پھولوں کا یہ چمن ہمارا ہے
جینا ہے یہیں ہم کو مرنا ہے یہیں ہم کو
یہ وطن ہمارا تھا یہ وطن ہمارا ہے
تاج کی ہو صناعی یا گپھا اجنتا کی
وہ بھی فن ہمارا تھا یہ بھی فن ہمارا ہے
ہم ہیں ایک شے فانی اور تو ہے لافانی
جس میں روح ہے تیری وہ بدن ہمارا ہے
تم سے سانس چلتی ہے تم ہماری شہ رگ ہو
تم پہ حق ازل سے ہی جانِ من ہمارا ہے
خون اور پسینے سے ہم نے جو کیا پیدا
آپ کی تجوری کا سارا دھن ہمارا ہے